Saturday 15 January 2022

آج کی آیت : الدخان :41


 

یَوْمَ لَا یُغْنِیْ مَوْلًى عَنْ مَّوْلًى شَیْئًا وَّ لَا هُمْ یُنْصَرُوْنَ

ترجمہ: جس دن کوئی رشتہ دار کسی رشتہ دار کے کام نہیں آئے گا اور نہ ان کی کوئی مدد ہی ہو سکے گی۔

 

عربی کے وہ الفاظ جنہیں ہم جانتے ہیں یا اردو میں مستعمل ہیں:

يَوْمَ : جس دن

 لَا يُغْنِيْ : نہ کام آئے گا

مَوْلًى : کوئی عزیز،کوئی  قریب، کوئی دوست

شَيْئًا : کچھ بھی

وَّلَا هُمْ : اور نہ وہ

 يُنْصَرُوْنَ : مددئیے جائیں گے

 

خالص عربی کے الفاظ:

عَنْ : سے/کو/کے بارےمیں

 

مشکل الفاظ:

 لَا يُغْنِيْ  ؛ لَا - یُـ - غنی

نہیں - وہ - کام آئے گا

غنی (غ ن ی) :الغنی- حاجات سے بے نیازی،تونگری، آسودگی، یہ فقر (محتاجی) کی ضد ہے۔ جس جملہ میں اسکے بعد عن آتا ہے تو معنی "کام نہ آنا" کیا جاتا ہے، یہ عربی کا عام اسلوب ہے جو اکثر الفاظ کے ساتھ ہوتا ہے (اس کی تفصیل ہے)۔

 

مَوْلًى (و ل ی): یہ لفظ ولی سے ہے جس کے معنی سرپرست اور قریب(نزدیکی تعلق)  کے ہوتے ہیں اس لیے دوست کے معنوں میں بھی ترجمہ ہوتا ہے۔

مولٰی  کے معنی سرپرستی کرنے والا ، دوست، عزیز، رشتہ دار ہوتے ہیں جملہ کی مناسبت سے اس آیت میں اس کا ترجمہ "عزیز/رشتہ دار" ہی بہتر ہے کیونکہ قرآن کی دیگر اس جیسی آیات کو سامنے رکھا جائے تو وہاں رشتہ داروں سے متعلق یہ بات بیان ہوئی ہے۔

 عَنْ: ویسے عام طور پر عَنْ کے معنی "سے"  ہوتے ہیں، لیکن یہ حروف میں سے ہے اور کسی بھی زبان میں حروف جملہ کی مناسبت سے ترجمہ کیئے جاتے ہیں، اور ان حروف کا کچھ  اثر یا عمل اپنے ساتھ والے اسم یا فعل پر ہوتے ہیں  (یہ ایک تفصیلی موضوع ہے)۔ اس آیت میں  عَنْ  کا ترجمہ جملہ کی مناسبت سے "کو" کیا گیا ہے، جس سے ہماری زبان میں اس جملہ کو سمجھنا آسان ہوگیا ہے۔


تفہیم:

سورۃ الدخان کا بنیادی موضوع انذار ہے، انذار اُن لوگوں کے لیے جنہوں نے رسالت اور قرآن کا انکار کیا یعنی مشرکین مکّہ جنہوں نے  مذاق بنایا اور طرح طرح کے سوالات رکھے جن کا مقصد نہ ماننا تھا۔ ان کا  شفاعت کا  یہ عقیدہ تھا کہ ہمارے باپ یا ہمارے بزرگ ہماری سفارش کریں گے، محمدﷺ ہمیں ایسے ہی ڈراتا ہے کہ ہم جہنم میں جائیں گے،  اس آیت میں ان کے اس عقیدے کی نفی کی اور ایک اصولی بات بیان کی گئی ہے کہ جو اعمال تم کرکے آؤ گے اس کا بدلہ پاؤ گے،  اس دن (روز قیامت) کوئی رشتہ دار ،دوست، بزرگ کسی کے کام نہ آئے گا اور نہ کوئی مدد ہوسکے گی۔

 

اللہ تعالی ہمیں ایسے اعمال کی توفیق عطا فرمائے جو اس کی بارگاہ میں قبول ہوں اور ہماری نجات کا ذریعہ بنیں۔

آمین

محمد علی بلوچ

1 comment:

  1. JazakAllah sir.
    Keep it up...
    May the Message of Allah spread to everyone through your efforts in its understanding in a common man language

    ReplyDelete

Thanks for reading the blog... Keep reading, sharing and spreading.

IDIOMS 5